ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں عیدالاضحی کے موقع پر لگنے والا بکرا بازار کو اس بار پولیس نے ختم کرا دیا ہے۔ اس موقع پر بکرے کی خریداری کرنے آئے خریدار جہاں واپس خالی ہاتھ اپنے گھروں کو لوٹ گئے تو وہیں بکرا بیچنے والے تاجر اپنا اپنا بکرا لےکر پولیس کی ڈر سےکھیتوں اور جنگلوں کی جانب بھاگ گئے۔ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ بکروں کی خرید و فروخت کی اجازت کے بعد آج یہ پہلا بکرا بازار لگا تھا۔
رامپور سے 12 کلومیٹر کی دوری پر واقع کھود گاؤں کے ہفتہ واری بازار میں ہر عیدالاضحی کے موقع پر بکروں اور دیگر قربانی کے چوپایوں کی منڈی لگائی جاتی ہے۔ آج ضلع انتظامیہ کی جانب سے اجازت نامہ جاری ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ واری بازار میں بکروں کی خرید و فروخت کی منڈی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ لیکن وہاں پہنچے دو پولیس اہلکاروں نے بازار کو ختم کرا دیا اور بکرا تاجروں کو ڈنڈے مارکر بھگا دیا۔ جس سے تمام لوگ اپنے اپنے بکرے لےکر کھیتوں اور جنگلوں کی طرف بھاگ گئے۔