تبلیغی جماعت کے ہیڈکوارٹر بنگلہ والی مسجد میں پیر کے روز 24 افراد کی جانچ مثبت آئی ہے۔
جس سے دہلی میں سنسنی پھیل گئی ہے، مرکز کے ذمہ داران فوجداری کاروائی کے علاوہ شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
صرف دہلی میں ہی سنسنی نہیں پھیلی بلکہ اُتر پردیش کے 19 اضلاع میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے چلتے الرٹ جاری ہو گیا ہے۔
'تبلیغی جماعت میں شامل لوگ انتظامیہ کا تعاون کریں' آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن و لکھنؤ شہر قاضی مولانا خالد رشید فرنگی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت ایک مذہبی تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد لوگوں میں نماز، روزہ، حج، زکوۃ اور اخلاق کو عام کرنا ہے۔
مولانا خالد نے کہا کہ جماعت کے مرکز میں جو بھی ہوا، وہ بہت ہی افسوسناک ہے۔ اسکے جانچ کی ضرورت ہے اور لوگوں کی ذمے داری طے کی جائے ۔
مولانا خالد نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بھی وہاں موجود تھے اور اب ملک کے کسی بھی علاقے میں ہوں، سامنے آکر ضلع انتظامیہ کی مدد کریں اور اپنی میڈیکل جانچ کروائیں۔
اس سے یہ ہوگا کہ ان کی اور دوسروں کے جان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ ان کا مذہبی فریضہ اور اسلام کی تعلیمات ہے۔