وزارت تعلیم حکومت ہند کی اجازت کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سینٹر برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم نے رواں تعلیمی سال سے آن لائن بی اے، بی کام اور آن لائن ایم اے، ایم کام ڈگری کورس کا آغاز کر دیا ہے۔
یو جی سی کے ضابطوں کے مطابق سبھی مطلوبہ شرائط پورا کرنے کے بعد اے ایم یو سمیت چنندہ یونیورسٹیز کو آن لائن کورسز شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس پیش رفت پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے آن لائن کورسز کا آغاز ہونے سے اے ایم یو کی بین الاقوامی رسائی میں اضافہ ہوگا اور سبھی کے لیے معیاری اور سستی تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو پوری طرح سے آن لائن پروگرام چلانے کی اجازت دینا ایک بروقت قدم ہے۔
پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ 'مکمل آن لائن کورسز سے داخلہ لینے والوں کی تعداد اور کورسز کو مکمل کرنے کی شرح میں اضافہ ہوگا اور ملازمت پیشہ افراد کے لئے کم فیس میں ڈگری کا حصول ممکن ہوگا۔'