ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع کے حیدرگڑھ کوتوالی حلقے میں دوشنبے کو ہوئے قتل کے معاملے کا پولیس نے انکشاف کردیا ہے۔ یہ قتل جھاڑ پھونک کی وجہ سے کنبے میں خوشی نہ ہونے کے شک میں کیا گیا تھا۔ پولیس نے واردات کے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
بارہ بنکی: شک میں جھاڑ پھونک کرنے والے کا قتل دراصل 13 ستمبر کو حیدرگڑھ کے سبھاش نگر محلہ میں واقع کربلا کے پاس نالے میں ایک لاش ملی تھی۔ لاش کی شناخت تپاپور محلے کے رام کشور کے طور پر ہوئی تھی۔
پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی تو برہمنان محلے کے ارجن یادو اور انوج یادو کے قتل میں شامل ہونے کے ثبوت ملے۔ پولیس نے انہیں بدھ کو گرفتار کرلیا۔
پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ مقتول رام کشور جھاڑ پھونک کرتا تھا۔ دونوں ملزمان کی شادی رام کشور نے کرائی تھی۔ پہلے بھائی کی کچھ برس بعد ہی طلاق ہوگئی اور دوسرے بھائی کو کوئی اولاد نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرنگر: نقلی چپل کی کالابازاری، ریلیکسو کمپنی اور پولیس نے چھاپہ مارا
اس کے علاوہ ان کے گھر کے حالات بھی ٹھیک نہیں ہو رہے تھے۔ دونوں بھائیوں کو شک تھا کہ رام کشور کی جھاڑ پھونک کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔ رام کشور اکثر کربلا میں اگربتی جلانے آتا تھا۔ واردات کے روز جب وہ کربلا جارہا تھا، اسی وقت دونوں نے پیچھے سے اسے پکڑ کر گلا دباکر قتل کردیا اور لاش کو نالے میں چھپاکر فرار ہوگئے تھے۔