بنارس کے بھیلو پور تھانہ میں وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے قابل اعتراض ایک گانے کی ویڈیو ریلیز کیے جانے پر گوگل کے سی ای او سمیت 18 افراد کے خلاف نامزد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وزیراعظم مودی پر قابل اعتراض نغمہ، گوگل کے سی ای او سمیت 18 پر مقدمہ درج
ریاست اترپردیش کے شہر بنارس میں وزیراعظم نریندر مودی پر قابل اعتراض نغمہ (گانا) کی ویڈیو ریلیز کیے جانے پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھیلو پور کے گوری گنج کے رہائشی گرجا شنکر جیسوال نے یہ شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے اپنی تحریر میں بتایا ہے کہ واٹس ایپ گروپ کے ذریعے ایک ویڈیو موصول ہوا تھا، اس میں غازی پور کے ننہرا کے وشنو پور کے رہائشی وشال غازی پوری عرف بادل اور ان کی اہلیہ سپنا سمیت دیگر لوگوں نے یہ گانا گایا ہے۔ اس گانے میں وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے قابل اعتراض تبصرے کیے گئے ہیں۔ یہ ویڈیو فیس بک پر اپلوڈ کی گئی ہے۔
شکایت کنندہ نے یہ بھی بتایا کہ جب انہوں نے اس حوالے سے وشال غازی پوری کو فون کر اس گانے پر اعتراض کیا تو وشال نے اس فون کو دھمکی سمجھ کر گرجا شنکر کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی اور ویڈیو کے ساتھ ان کی کال کی ریکارڈنگ کو یوٹیوب پر بھی اپ لوڈ کردیا۔ یہ معاملہ یہیں نہیں رکا بلکہ اس کے بعد بھی وشال اور اس کے حامیوں نے گرجا شنکر جیسوال کو 8500 مرتبہ دھمکی آمیز فون کالز کیے۔ اس سلسلے میں گرجا شنکر جیسوال نے بنارس کے بھیلو پور تھانہ میں گوگل کے سی ای او سمیت 18 افراد پر نامزد مقدمہ درج کرایا ہے۔
مقدمے میں وشال، سپنا،چندن، سی ایس بادل، سجیت گوتم، ہردیہ راج کپور، سنجیو کمار، سورج کرشنا، آشیش نائک، وی کے سنگھ، پنکج، ایس این بودھ، وی جی میوزک کمپنی، جے بھیم ریکارڈنگ اسٹوڈیو، گوگل انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے سربراہ سنجے کمار، سی ای او سُندر پچائی اور ڈائریکٹر سمیت متعدد افراد کو نامز کیا گیا ہے۔