لکھنؤ: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح اترپردیش میں بھی ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ میں دارالحکومت لکھنو میں واقع آصفی مسجد سمیت مختلف مساجد میں روزہ داروں نے بڑی تعداد میں نماز جمعہ ادا کی۔ آصفی مسجد لکھنؤ میں بڑی تعداد میں روزہ داروں نے نماز جمعہ میں شرکت کی ۔نائب امام جمعہ مولانا سید سرتاج حیدر زیدی نے امامت کے فرائض انجام دیے. امام جمعہ مولانا کلب جواد کی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے نائب امام نے جمعہ کی امامت کی۔
انہوں نے روزہ داروں کو تقویٰ الہی اور عبادت خدا کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ روزہ فقط بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ خواہشات نفس پر قابوپانابھی روزہ دار کے لئے ضروری ہے ۔ ان کا کہنا ہےکہ انسان کے لئے حواس خمسہ کا بھی روزہ ہوتاہے ۔یعنی وہ حواس خمسہ کے ذریعہ بھی گناہوں سے پرہیز کرے اور اپنے اعضاء وجوارح سے کوئی ایساعمل انجام نہ دے جو خداکی مرضی کے خلاف ہو۔ روزہ حرام عمل سے پرہیز کا نام ہے ۔جس طرح انسان کھانے پینے سے پورے دن پرہیز کرتاہے اسی طرح حرام عمل کی انجام دہی سے بھی پرہیز کرے ۔