انتخاب 2019 کے لیے آخری مرحلے یعنی 19 مئی کو ہونے والے انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی کا آغاز ہو گیا۔
22 اپریل کو شہر بنارس جہاں سے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی امیدوار ہیں، کچہری کے رائفل کلب میں پرچہ نامزدگی کا دفتر قائم کیا گیا ہے۔
سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان رائفل کلب کو چاروں طرف سے بریکیٹ کیا گیا ہے اور وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
وزیراعظم کی امیدواری کی وجہ سے یہ حلقہ حساس قرار دیا گیا ہے اور آج رائفل کلب میں صحافیوں کو بھی داخلہ نہیں دیا گیا۔
وزیراعظم کے بنارس کے پروگرام کے سلسلے میں جب بی جے پی کے معمور گنج واقع دفتر سے رابطہ کیا گیا تو کسی نے کیمرے کے سامنے کچھ کہنے سے انکار کر دیا لیکن دوران گفتگو یہ بات بتائی کہ محترم نریندر مودی 25 اپریل کو سہ پہر 3 بجے شہر بنارس کے لنکا علاقے سے اپنے روڈ شو کا آغاز کریں گے اور سب سے پہلے وہ بنارس ہندو یونیورسٹی کے بانی پنڈت مدن موہن مالویہ کے مجسمے کی گل پوشی کریں گے۔