نوئیڈا :اترپردیش کے نوئیڈا ضلع کے سیکٹر 63 میں سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے واجد پور میں سماجی کارکن راج پال یادو کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ اکھلیش یادو نے سیکٹر 63 میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے کام کرنے کے انداز پر سوال اٹھایا۔ جلسہ عام میں سماج وادی پارٹی کے سینکڑوں کارکن اور عہدیدار موجود تھے۔ نوئیڈا میں ہو رہے مسلسل انکاؤنٹر پر اکھلیش یادو نے کہا کہ امن و امان میں کوئی بہتری نہیں آ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ واہ واہی کے لیے جعلی انکاؤنٹر کرائے جا رہے ہیں۔ وقت آنے پر یہ فرضی انکاؤنٹر کرنے والے تمام پولیس والے سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
نوئیڈا کے ایشوز پر بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے اس شہر کو آباد کرنے میں سب سے بڑا تعاون دیا ہے۔ ایس پی نے یہاں بڑی بڑی کمپنیاں اور میٹرو قائم کی ہیں، لیکن اس کا افتتاح اقتدار میں بیٹھی پارٹیوں نے کیا۔ اگر اس وقت اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کی حکومت ہوتی تو نوئیڈا کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوتی۔ یہاں کے مکین بلڈر کو ادائیگی کرنے کے باوجود اپنا فلیٹ حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ حکومت ہر معاملے پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔