علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ریڈیو تھراپی شعبہ میں مختلف قسم کی کینسر اور ٹیومر کے علاج کیلئے نئی مشین سجی نووا ایچ ڈی آر بریکائی تھیراپی مشین کی تنصیب عمل میں آئی ہے۔
اس جدید ترین مشین کے تنصیب سے میڈیکل کالج میں کینسر کے علاج و معالجے کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور مریضوں کے علاج میں بہتری لائی جا سکے گی۔
جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں کینسر کے علاج کے لیے نئی مشین نصب وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج میں طبی خدمات کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے اور مریضوں کو آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔
جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر شاہد علی صدیقی نے بتایا کہ اس مشین کی تنصیب پرانی مائیکرو ایچ ڈی آر مشین کی جگہ کی گئی ہے جس کا استعمال 2005 سے کیا جا رہا تھا۔ اس مشین کی ریڈیئشن کی حفاظت کا خود کار نظام موجود ہے جس سے مریضوں اور طبی خدمات سے متعلق افراد کو مکمل تحفظ حاصل ہو گا۔
واضح رہے کہ کووڈ-19 کی وبا کے پیش نظر ریڈیو تھیراپی شعبہ میں کینسر کے مریضوں کو طبی مشورہ فراہم کرنے کے لیے تالا بندی کے دوران ٹیلی میڈیسن کے ذریعے خدمات فراہم کی گئی اور گزشتہ 12 مئی سے او پی ڈی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 29 مئی سے ریڈیو تھیراپی خدمات بھی بحال کر دی گئی ہیں۔