ریاست اترپردیش میں ضلع سہارنپور علاقے کے بڑگاؤں سے 40 کلو میٹر دور میانگی گاؤں ہے جس کی آبادی تقریبا 5 سے 6ہزار ہے، لیکن گاؤں آج بھی بنیادی سہولت سے محروم ہے، گاؤں کے لوگوں کو آج بھی گاؤن سے نکلنے میں پانی سے گزرنا پڑتا ہے، بچے بوڑھے سبھی کو اس پریشانی کا سامنا ہر روز ہوتا ہے۔
گاؤں کے باشندوں نے کئی مرتبہ اس کی شکایت ضلع کے اعلی عہدیداروں سے کی، لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ گاؤں کے باشندوں نے افسران سے یہ بھی شکایت کی کہ 'گاؤں میں ایک تالاب ہے جس میں نالے کا پانی گرتا تھا، لیکن اب اس تالاب پر گاؤں کے اثر دار لوگوں کا قبضہ ہے اور وہ برسراقتدار پارٹی کے ساتھ ہیں اس لئے گاؤں کے باشندوں کی بات کا افسران پر کوئی اثر نہیں ہوتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ گاؤں کی رہنے والی ایک غریب خاتون کملا دیوی کی گزشتہ روز موت واقع ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ خاتون گاؤں میں دائی کی کام کرتی تھی جو ہر روز اسی پانی سے گزرتی تھیں۔ کچھ روز قبل کملا دیوی کے پیر میں کچھ لگ جانے کی وجہ سے ان کے پیر میں سیفٹک ہوگئی اور اس بیماری کے سبب گزشتہ روز ان کی موت واقع ہوگئی۔ اس دوران ان کی آخری رسومات کے لئے بھی گاؤں کے لوگوں کو دوفٹ پانی سے گزرنا پڑا۔