ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے شہر تھانہ علاقے کے محلہ جامعہ نگر میں واقع ایک تالاب میں کچھ روز پہلے ایک نوجوان کی لاش پائے جانے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی۔ تالاب میں لاش کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا تھا اور جانچ شروع کردی تھی۔ پولیس نے لاش کی شناخت اسران ولد محمد غفور کے طور پر کی ہے۔ ساتھ میں اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
مظفرنگر: نوجوان کا قتل، دو گرفتار
مظفرنگر پولیس نے چند روز قبل پیش آئے نوجوان کے قتل کے معاملے کو حل کر لیا ہے۔ جامعہ نگر میں واقع ایک تالاب میں نوجوان کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی شروع کردی تھی جس کے بعد آج پولیس نے اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
اس قتل کا انکشاف کرتے ہوئے سی او سٹی کلدیپ کمار نے پریس کانفرنس کے دوران مزید معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ جامعہ نگر کے تالاب میں جس نوجوان کی لاش ملی تھی اس کی پہچان اسران ولد محمد غفور کے طور پر ہوئی ہے، جو منصور پور تھانہ علاقے کے گاؤن ناولا کا رہائشی تھا جو اس وقت مظفر نگر کے شہر کوتوالی علاقے کی سوجھڑو میں رہائش پذیر تھا۔ اسران کے اپنے دوست کی اہلیہ کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ اس واقعے سے ناراض اسران کے دوست نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر اس کے قتل کو انجام دیا اور لاش کو چھپانے کے لیے اسے تالاب میں پھینک دیا۔
پولیس نے اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے جبکہ ان کا ایک اور ساتھی ابھی مفرور ہے جس کو پولیس جلد ہی گرفتار کر لے گی۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے قتل میں استعمال ہونے والے اسلحہ کو بھی برآمد کر لیا ہے۔