رامپور:اترپردیش کے رامپور ضلع میں لوک سبھا کے ضمنی انتخاب Lok Sabha by-election in Rampur کے لیے امیدواروں کی جانب سے تشہیری مہم جاری ہے۔ سماجوادی پارٹی کے امیدوار عاصم راجہ کی حمایت میں رامپور کے پہاڑی گیٹ پر ایک عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے رامپور شہر میونسپل بورڈ کی چیئرپرسن فاطمہ جبیں نے ملک کے موجودہ حالات پر خطاب کیا۔ فاطمہ جبیں نے نپور شرما اور نوین جندل کو اپنی سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخ رسول کے قصوروار آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ ان کے خلاف جمہوری طریقہ سے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کرکے جیلوں میں بھرا جا رہا ہے۔ ان کے گھروں کو بلڈوزر کے ذریعہ مسمار کیا جا رہا ہے۔ عدالت میں معاملہ پہنچنے سے پہلے سڑکوں پر فیصلے سنائے جا رہے ہیں۔ یہ سب قانون کا مذاق نہیں تو اور کیا ہے؟
فاطمہ جبیں نے کہا کہ مجھے اس وائرل ویڈیو نے کافی جھنجوڑ کر رکھ دیا جس میں ایک ماں کہہ رہی ہے کہ میرا بیٹا اسلام زندہ آباد کہتے ہوئے شہید ہوا، مجھے کوئی غم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس پولیس والے نے اس ماں کے بیٹے کو اپنی گولی سے مارا ہے، میں اس کے لیے بس یہی دعا کر رہی ہوں کہ وہ اسلامی تعلیمات کو سمجھے اور دائرہ اسلام میں داخل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ پولیس پرامن مظاہرین پر سامنے سے گولیاں چلا رہی ہے۔