مراد آباد:ریاست اترپردیش کے مرادآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے یہاں کے باشندوں کے لئے چار نئی اسکیموں کی شروعات کی ہے۔ مرادآباد ایک صنعتی شہر ہے اور یہاں پر براس کا کام بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ براس کے علاوہ ایلومینیم، کاپر اور دوسری دھات سے بنے برتن اور دیگر اشیاء کا بھی یہاں سے ایکسپورٹ کیا جاتا ہے۔ اور اس کا پورا کریڈٹ یہاں کے کاریگروں کو جاتا ہے جو ایک معمولی سی دھات کو عمدہ شکل دے کر اپنی انگلیوں کے جادو سے بیش قیمتی بنا دیتے ہیں۔
مرادآباد میں کاریگروں کا ایک بڑا طبقہ مسلم برادری سے آتا ہے جو صدیوں سے اپنے ہنر کا استعمال کر کے مرادآباد کا نام روشن کیے ہوئے ہیں۔ مرادآباد ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے ان چار اسکیموں میں سے ایک اسکیم انہیں کاریگروں کے لئے رکھی ہے۔ مرادآباد میں کام کرنے والے ان کاریگروں کی تعداد ہزاروں میں ہے اور ان کی کاریگری کی ہی بدولت یہاں کے تاجر بیرونی ممالک سے بڑے بڑے آرڈر لا کر پورا کرتے ہیں اور اِن کاریگروں کی بدولت ہی مرادآباد کا نام پوری دنیا میں روشن ہو رہا ہے۔ آج بھی مراداباد کے مسلم علاقوں کی گلیوں میں یہ کاریگر بستے ہیں اور مرادآباد اور اطراف ہی نہیں بلکہ پوری دنیا اپنے ہنر کا لوہا منوا رہے ہیں۔
مرادآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی وشوکرما ہاٹ اسکیم انہی کاریگروں کے لیے ہے۔ اس اسکیم کا فائدہ مرادآباد کے سبھی کاریگروں کو دیا جائے گا۔اس سے وہ بھی اپنی سہولت کے مطابق کم قیمت میں اپنا خود کا آشیانہ بنا سکیں گے۔ اس اسکیم کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے ایم ڈی اے وی سی شیلیش کمار نے بتایا کہ 14 سال کے طویل وقفے کے بعد مرادآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آج چار نئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔