میرٹھ: ایک طرف ہمارا ملک ہندوستان آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے اور جنگ آزادی میں اپنی جان کی قربانی دینے والے مجاہدین کی قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے دوسری طرف ملک کی آزادی کے لیے جان قربان کرنے والے کچھ ایسے گمنام چہرے بھی ہیں جن کو تاریخ کی کتابوں میں جگہ نہیں مل سکی۔
میرٹھ کے رہنے والے محمد شاہد صدیقی نے تاریخ کے حوالے سے وہ کارنامہ انجام دیا جس کو کسی بھی تاریخ داں نے اپنی کتابوں میں کبھی ذکر نہیں کیا۔ شاہد صدیقی نے اپنی کتاب جان نثار وطن میں کافی محنت سے ان گمنام مجاہدین کو منظر عام پر لانے کی کوشش کی جن کو آج تک تاریخ کے اوراق میں کبھی جگہ نہیں مل سکی تھی.
شاہد صدیقی نے جان نثار وطن میں جو نام پیش کیے جن مولانا احمد اللہ عرف ڈنکا شاہ، راجہ ارادت جہاں، مولانا پیر علی خاں، نواب تفضل حسین خاں، نواب خان بہادر خاں، یوسف جعفر مہر علی، شیر علی خاں آفریدی، بیرسٹر عاصف علی وغیرہ شامل ہیں۔ 38 مجاہدین کی قربانیوں کو اپنی کتاب میں جگہ دی گئی ہے۔ شاہد صدیقی کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک ہندوستان ایک طرف آزادی کا امرت مہوتسو کی تقریبات کر رہا ہے وہیں ان گمنام مجاہدین کی قربانیوں کو فراموش کیا جا رہا ہے جنہوں نے اپنے ملک کی آزادی کے لئے جان قربان کی۔