مظفرنگر: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کے انتقال پر جمعیت علماء ضلع مظفرنگر، اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن اور ادارہ تنویر ادب نے نہایت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مولانا کے انتقال کو ملت اسلامیہ کا بڑا خسارہ قرار دیا۔ ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جمعیت علماء ضلع مظفرنگر، اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن اور ادارہ تنویر ادب نے عالمی شہرت یافتہ عالم دین، عظیم مفکر، عربی و اردو ادب کے ماہر، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم اعلیٰ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کے سانحۂ ارتحال پر نہایت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن مظفر نگر کے صدر کلیم تیاگی نے ان کے انتقال کو ملت اسلامیہ کا بڑا خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت کے انتقال کے بعد جو خلا پیدا ہوا ہے۔ حالیہ برسوں میں اس کو پر کرنا ناممکن ہے۔ وہ ایک عظیم الشان شخصیت کے مالک تھے۔ ان کا فیض صرف ہندوستان ہی میں نہیں بلکہ برصغیر، عالم عرب اور یوروپی ممالک تک جاری تھا. وہ اپنے آپ میں ایک عہد تھے۔