ریاست اترپردیش کے رامپور میں واقع تاریخی صولت پبلک لائبریری ایک لمبے عرصہ سے آپسی تنازعات کا شکار ہے۔ وہیں گزشتہ دنوں کورونا سے ہونے والی اموات کے درمیان لائبریری کے صدر سین شین عالم کے انتقال کے بعد سے لائبریری اراکین و عہدیداران کے درمیان تنازع میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
اسی تنازع کے درمیان لائبریری کے سکریٹری مولانا اسلم جاوید قاسمی نے سنہ 1980 کی دہائی کے رکن ذیشان مراد علیگ کو لائبریری کا کارگزار صدر منتخب کردیا۔ بغیر کسی مشورے کے ذیشان مراد کو کارگزار صدر کا چارج دینے سے اراکین میں سخت ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
لائبریری کے سابق سکریٹری سید قیصر علی ایڈووکیٹ نے لائبریری کے دستور کی دفعہ 27 کا حوالہ دے کر کارگزار صدر کے انتخاب کو غلط قرار دیا۔