ضلع الیکشن افسر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کی قیادت میں کنٹرول یونٹ کی برآمدگی کے لیے پنواڑی علاقے میں شب بھر تلاشی مہم چلائی گئی۔ اس معاملے میں قصوروار پولنگ پارٹی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ وریندر سنگھ نے بتایا کہ معاملہ پنواڑی علاقے کے فدنا گاؤں کا ہے۔
یہاں پولنگ مراکز 92 کے بوتھ نمبر 127 میں پولنگ کے بعد پولنگ پارٹی کی جانب سے دیر شام مہوبا پہنچ کر ریاستی پولیٹیکنک کالج میں جب ای وی ایم اور دیگر سامان جمع کرائی جارہی تھی۔اس وقت ای وی ایم کا ڈاٹا محفوظ کرنے والا کنٹرول یونٹ غائب پائے جانے سے کھلبلی مچ گئی ۔
معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیموں کو فوری طور پر بوتھ پر بھیج کر گاؤں کے ایک ایک گھر میں تلاشی مہم چلا کر اس اہم کنٹرول یونٹ کو برآمد کر نے کی کوشش کی گئی ، لیکن ابھی تک کامیابی نہیں مل پائی ہے ۔
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ضلع الیکشن افسر سہدیو اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سوم ناتھ کی قیادت میں پولیس اور سینئر انتظامیہ کے افسران کی ٹیمیں علاقے میں اب بھی کنٹرول یونٹ کی تلاش کر رہی ہیں ۔یہ واضح نہیں ہے کہ کنٹرول یونٹ کہاں گر گیا یا اسے کسی نے جان بوجھ کرغائب کر دیا۔ معاملے میں پولنگ بوتھ میں الیکشن ٹیم کی بڑی لاپروائی مانتے ہوئے پریزائڈنگ افسر کملیش کمار اور پولنگ پارٹی کے دیگر تمام اراکین کو پولیس حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔