پریاگراج: پریاگ راج پولس عتیق اور اشرف قتل کیس کے ملزمان لولیش، سنی اور ارون کو لینے صبح پرتاپ گڑھ ضلع جیل پہنچی۔ کچھ دیر بعد پریاگ راج پولس تینوں ملزمان کے ساتھ پریاگ راج کے لیے روانہ ہوگئی۔ پریاگ راج پہنچنے کے بعد پولیس شوٹروں کے ساتھ ضلع عدالت پہنچی۔ عتیق احمد اور اشرف کو قتل کرنے والے تینوں ملزمان کو ضلع عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمان کو چار دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایس آئی ٹی تینوں ملزمین سے جیل میں پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو انتظامی افسران نے ڈسٹرکٹ جیل کا معائنہ کیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل میں سیکورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نتن بنسل اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ستپال انتل نے منگل کو ضلع جیل کا اچانک معائنہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جیل میں سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس آئی ٹی تینوں سے جیل میں ہی پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ایس آئی ٹی کب پوچھ گچھ کرے گی۔
دراصل ملزم لیولیش، سنی اور ارون کو سیکورٹی وجوہات کے پیش نظر پیر کو نینی جیل سے پرتاپ گڑھ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ یہاں تینوں کو تنہا بیرکوں میں رکھا گیا ہے۔ منگل کو افسران نے تینوں ملزمان کی بیرکوں کا معائنہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی جیل انتظامیہ کو جیل کے احاطے کی سیکیورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈسٹرکٹ جیل میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ تینوں کی بیرکوں کے باہر جیل چوکی کے سپاہیوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ تینوں ملزمان کی سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں:۔Atiq And Ashraf Murder Case عتیق کے تینوں قاتلوں کو پرتاپ گڑھ جیل منتقل کیا گیا، علی نینی جیل میں قید
بتایا جا رہا ہے کہ ایس آئی ٹی تینوں شوٹروں کو ریمانڈ پر لے کر پوچھ گچھ کرے گی۔ اس دوران پولیس تینوں ملزمان کو موقع واردات پر لے جا کر منظر کو دوبارہ شوٹ کرے گی۔ اس سلسلے میں قتل کیس کی جانچ ایس آئی ٹی کو سونپی گئی ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے اے ڈی سی کرائم، اے سی پی کرائم اور انسپکٹر رینک کے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پریاگ راج کے کولون اسپتال کے باہر سنیچر (15 اپریل) کی رات تینوں ملزمان نے پولیس حراست میں عتیق احمد اور اشرف کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ تینوں نے واقعے کے بعد خود کو پولیس کے سپرد کر دیا تھا۔ جس کے بعد تینوں ملزمان کو نینی جیل میں رکھا گیا تھا، لیکن گینگ وار کے خدشے کے پیش نظر ملزمین کو پرتاپ گڑھ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا۔