کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ جو جہاں ہے وہ وہیں رکے گا۔ اس کے لیے تمام انتظامات کیے جائیں گے۔ لیکن بڑے شہروں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے کوئی انتظامات نہیں ہوئے اور وہ دوسرے دن ہی پیدل اپنے گھروں کی جانب چل دیے۔ راستے میں وہ حکومت اور انتظامیہ کے دعووں کی پول کھولتے رہے۔
کھانے پینے کا انتظام نہ ہونے اور آمدنی کا ذریعہ بند ہونے سے لکھنؤ اور کانپور میں کام کرنے والے سیکڑوں کی تعداد میں مزدور پیدل ہی اپنے گھروں کی جانب چل دئے۔ ان مزدوروں میں زیادہ تر ریاست اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے ہیں۔ ان لوگوں کو اطلاع نہیں مل پائی تھی کہ اتنی بڑی سطح پر قومی لاک ڈاؤن ہونے والا ہے۔