مظفرنگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں حکومت کی وعدہ خلافی کو لیکر زبردست احتجاج کرتے ہوئے ہندو تنظیم کرانتی سینا نے ملک کو ہندو راشٹر قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جن آکروش ریلی نکالی۔ انہوں نے ریاستی و مرکزی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ انتخابات سے پہلے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے۔ اتوار کو کرانتی سینا کے کارکنان مظفّر نگر کے گورنمنٹ انٹر کالج گراؤنڈ میں جمع ہوئے اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر انتخابات سے پہلے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے کا الزام لگایا۔
کرانتی سینا کے کارکنوں نے ایک جن آکروش ریلی نکال کر شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے واپس گورنمنٹ انٹر کالج گراؤنڈ پہنچے۔ اس دوران زبردست احتجاج دیکھنے کو ملا۔ کرانتی سینا کے کارکنوں نے کہا کہ ملک کو ہندو راشٹر بنایا جائے۔ اس کے علاوہ 10 لاکھ سے زیادہ کشمیری پنڈت بے گھر ہو چکے ہیں اور ملک میں ادھر ادھر بھٹک رہے ہیں۔ انہیں ضروری سہولیات فراہم کرکے کشمیر میں آباد کیا جائے۔