ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں کووڈ 19 کے مریض کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، گزشتہ کئی دنوں سے روزانہ دو سو سے زائد مریض کورونا مثبت پائے جارہے ہیں، لیکن آج کورونا مریضوں کی یہ تعداد ساڑھے تین سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ کانپور میڈیکل کالج میں اس وبا کے بڑھتے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے یہاں کی جنرل او پی ڈی کو بند کر دیا گیا ہے اور تمام ڈاکٹرز کی ڈیوٹی کووڈ کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے لگا دی گئی ہے۔
شروع سے ہی کانپور میڈیکل کالج کووڈ کے مریضوں کا علاج کر رہا ہے اور کالج کے زیر نگرانی میں شہر کے کئی دوسرے اسپتال چل رہے ہیں، خود میڈیکل کالج کے دو بلڈنگوں میں کووڈ کے مریضوں کو رکھنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے کالج کے پرنسپل نے جنرل او پی ڈی کے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ان مریضوں کی دیکھ بھال کی ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کی کمی ہونے کی وجہ سے روزانہ چلنے والی جنرل او پی ڈی کو بند کر دیا گیا ہے، اب صرف سیف پے او پی ڈی میں ہی دیگر مریضوں کو دیکھا جائے گا، جس کے لیے مریضوں کو تقریبا چھ سو روپے کی ادائیگی کرنی پڑے گی ۔ ابھی تک یہ مریض صرف ایک روپے کے پرچے پر خود کو میڈیکل کالج کے ایکسپرٹ پروفیسرز کو دکھایا کرتے تھے۔ سیف پیمنٹ اسکیم میں تمام چیزوں کی احتیاط کے ساتھ ڈاکٹر مریضوں کو دیکھیں گے جس کی وجہ سے مریض پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔