ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور کے مرچنٹ چیمبر ہال میں چودھری ضیاء الاسلام کی پہلی برسی کے موقع پر ایک جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ اس تعزیتی نشست میں شہر کے دانشوران، سیاسی ملی و سماجی خدمات انجام دینے والے افراد نے شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا.
چودہری ضیاء الاسلام ہمیشہ ملت کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں رہتے تھے۔ انھوں نے سیاست میں مسلمانوں کی موجودگی کو مضبوط کرنے کے لیے راشٹر وادی سماجوادی پارٹی کی بنیاد ڈالی۔ اس پارٹی کے بینر تلے تمام لوگوں کو انتخاب میں قسمت آزمانے کا موقع دیا اور خود بھی اسی پارٹی سے انتخاب میں حصہ لیا۔
چوہدری ضیاء الاسلام کا تعلیم کے میدان میں بھی بڑا اہم رول ہے۔ آپ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فارغ تھے اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مائناریٹی اسٹیٹس کی لڑائی میں پیش پیش تھے۔
طالب علمی کے دورمیں آپ اسٹوڈنٹ یونین کے عہدیدار بھی تھے۔ آپ سابق رکن پارلیمان محمد ادیب کے رفیق دیرینہ تھے جن کے ساتھ آپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن میں رہتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔