علی گڑھ (اتر پردیش) :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے چیئرمین پروفیسر محمد اعظم حسین، ڈاکٹر شمائل ربانی اور ڈاکٹر غضنفر نے بتایا کہ ’’کھانا کھلانے پر کنشک کا رنگ نیلا پڑ جاتا تھا اور اس کا وزن نہیں بڑھ رہا تھا، جس کے باعث اس کے والدین نے متعدد معالجین سے تشخیص کرائی مگر کوئی راحت نہیں ملی۔‘‘ بعد میں ڈسٹرکٹ ارلی انٹروینشن سینٹر، جے این ایم سی کے توسط سے انہوں نے انٹر ڈپارٹمنٹل پیڈیاٹرک کارڈیئک سنٹر (آئی پی سی سی)، اے ایم یو کے پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر شاد عبقری اور ڈاکٹر معاذ قدوائی سے رجوع کیا جنہوں نے اپنی تشخیص میں پایا کہ ’’کنشک کے دل میں پیدائش سے ہی خرابی ہے۔ صرف تین چیمبر ٹھیک ہیں اور دل میں سراخ ہے۔ چوتھے چیمبر کی نشو و نما نہیں ہوئی ہے۔ کارڈیئک ریڈیولوجی کے ایکسپرٹ ڈاکٹر مہتاب احمد نے اس کا کارڈیئک سی ٹی کیا جس سے پیچیدگی اور واضح ہوگئی۔‘‘
پروفیسر اعظم حسین نے بتایا کہ راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم (آر بی ایس کے) کے تحت یہ سرجری دو مرحلوں میں انجام دی گئی، پہلی سرجری 2021 میں اور دوسری جولائی 2023 میں۔ ڈاکٹر غضنفر کے مطابق ’’پچھلے کچھ برسوں میں آر بی ایس کے تحت جے این ایم سی میں 500 سے زائد مفت کارڈیئک سرجری کی جا چکی ہے۔‘‘