جونپور:ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور کے محلہ سپاہ میں واقع جامعہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن میں سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ سائنسی نماش کا افتتاح کرنے کے بعد اتر پردیش مدرسہ بورڈ کے چیئرمین افتخار احمد جاوید نے کہا کہ طلبہ کے بنائے گئے سائنسی ماڈل کو دیکھ کر ہر شخص حیرت زدہ ہو گیا۔ جامعہ کے طلبہ نے اسمارٹ سٹی، اٹامک انرجی سینٹر، خانہ کعبہ اور مسجد نبوی، جھنجھری مسجد کے ماڈلز پیش کیے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی و اتر پردیش مدرسہ بورڈ کے چیئرمین افتخار احمد جاوید نے کہا کہ بچوں کے ذریعے پیش کیے گئے تمام ماڈل قابل تعریف ہیں۔ میں اس کے لیے جامعہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے تمام اساتذہ کا مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مدرسوں کی جانچ کے حوالے سے کہا کہ جانچ کو مدرسہ بورڈ کے امتحانات تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ مدرسوں میں جانچ ہونی چاہیے مگر اس سے کہیں نہ کہیں تعلیم متاثر ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مدرسوں میں بیشتر غریب اور پسماندہ طبقے کے بچے زیر تعلیم ہیں اور ملک کے وزیر اعظم پسماندہ کو لیکر کافی متحرک ہیں اور امید ہے کہ ان کو مد نظر رکھتے ہوئے کچھ بہتر قدم لیا جائے گا جس سے تعلم متاثر نہ ہو۔ مہمان اعزازی و کانگریس پارٹی اقلیتی شعبہ کے صوبائی جنرل سکریٹری پرویز عالم بھٹو نے کہا کہ آج اس سائنسی نمائش کو دیکھ کر ظاہر ہوتا ہے کہ بچوں اور اساتذہ نے محنت کرکے ان بچوں کو تیار کرایا ہے اس سے بچوں کی قابلیت نکھر کر سامنے آئے گی اور ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔