اترپردیش کے ضلع جونپور میں جامعہ گروپ آف ایجوکیشن نے قومی تغذیہ ماہ کے موقع پر ایک آگاہی تقریب کا اہتمام کیا جس میں بچوں نے مختلف پروگرامز پیش کیا۔
شہر میں واقع محلہ سپاہ مدر عائشہ چلڈرن اکیڈمی کے ہال میں جامعہ گروپ آف ایجوکیشن کے چیئرمین مولانا انوار احمد قاسمی کی صدارت میں قومی تغذیہ ماہ کے تحت بروز بدھ کو ایک آگاہی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خون کی کمی، بچوں کی دیکھ بھال، لڑکیوں کی تعلیم، صاف و ستھرائی، اچھی غذا، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور غذائی قلت کے شکار بچوں میں غذائیت کو بہتر بنانے کے لیے مشورے اور معلومات دی گئیں۔
پروگرام کا آغاز حافظ شکیل نے تلاوتِ قرآن سے کیا اور نظامت ڈاکٹر ابو اکرم نے کی۔ اس موقع پر مدر عائشہ چلڈرن اکیڈمی کے طلبا نے ویج اور نان ویج کے موضوع پر بحث میں حصہ لیا اور طلباء نے مختلف اقسام کے پھل اور سبزیوں کی بھی نمائش کی۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جامعہ گروپ آف ایجوکیشن کے چیئرمین مولانا انور احمد قاسمی نے شرکاء کو سرٹیفکیٹ اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔
مولانا انور احمد قاسمی نے غذائی قلت پر روشنی ڈالتے ہوئے بچوں کو بتایا کہ جو لوگ غذائی قلت کا شکار ہیں ان کے لیے ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں، ہمیں ان لوگوں کی کس طرح مدد کرنی ہے۔