اترپردیش میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں میں کمی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ جرائم پیشہ افراد بے خوف ہوکر سنگین وارداتوں کو انجام دے رہے ہیں۔
ایسے میں حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں بلکہ ایسا عام طور پر محسوس کیا جانے لگا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
عوام کے درمیان خراب ہوتی اپنی شبیہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مشن شکتی ابھیان کا سہارا لیا ہے۔ اس مہم کے تحت آج رامپور میں ضلع کی ہونہار طالبات کو ضلع کے اعلیٰ افسران کے عہدوں پر تقریباً دو گھنٹوں تک فائز کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لئے سب کچھ حکومت یا پولیس نہیں کر سکتی بلکہ عوام کی بالخصوص بچیوں اور خواتین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض کو سمجھیں۔