ریاست اترپردیش میں شہر علی گڑھ میں واقع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) اور ڈاکٹر ضیاءالدین احمد ڈینٹل کالج کے مختلف ایم ڈی کورسیز میں 26 سیٹوں کا اضافہ ہوا ہے۔
اے ایم یو کے صدی سال میں یہ کامیابی یونیورسٹی اور علیگ برادری کے لیے باعث مسرت ہے جس میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی کوششوں کا خاص دخل ہے۔
صد سالہ جشن کے پیش نظر مختلف کورسیز میں اضافہ شعبہ رابطہ عامہ کے ایسوسی ایٹ رکن انچارج ڈاکٹر راحت ابرار نے بتایا میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) کی منظوری کے مطابق تعلیمی سیشن 2020/21 سے ایم ڈی (جنرل میڈیسن) میں 21 سیٹیں ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس کورس میں سنہ 1965 سے محض 12 سیٹیں ہی تھیں، اب اسی طرح ایم ڈی کمیونٹی میڈیسن میں سیٹوں کی تعداد بڑھا کر ایم سی آئی نے 11 کردی ہیں، جو پہلے چھ تھیں۔
اس کے علاوہ ایم ڈی (فارماکولوجی) میں سیٹوں کی تعداد چار سے بڑھا کر 12 کی اور ایم ڈی (ریڈیو ڈائیگنوسس) میں نو سے 12 کردی گئی ہیں۔
ڈینٹل کونسل آف انڈیا نے بھی ایم ڈی ( اورل و میکسیلو فیسیئل سرجری) اور ایم ڈی (پروستھو ڈانٹکس) میں ایک ایک سیٹ کا اضافہ کیا ہے۔
ڈاکٹر راحت ابرار نے مزید بتایا وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس حصولیاتی پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو میں سہولیات کو بہتر بنانا اس کا نصب العین ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدی سال میں پیش ورانہ کورسیز میں سیٹوں کا اضافہ ہمارے لیے حوصلہ بخش ہے، اور یہ بانی درسگاہ سرسید احمد خان کو خراج عقیدت ہے جو تا زندگی جدید سائنسی تعلیم کے اشاعت و ترویج پر زور دیتے رہے۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس سلسلے میں میڈیکل کونسل آف انڈیا، ڈینٹل کونسل آف انڈیا، وزارت صحت وکنبہ بہبو د اور حکومت ہند کا بھی شکریہ ادا کیا۔