ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں انتظامیہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بگڑتی صورتحال سے نپٹنے کے لیے مکمل طور پرتیار ہے، جس کے پیش نظر دیوبند میں اعلیٰ افسران ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں اور پولیس و فورسز کے گشت میں تیز ی آگئی ہے۔
جہاں انتظامیہ نے ضلع میں گذشتہ دو دنوں سے انٹرنیٹ خدمات بند کر رکھی ہے وہیں اسکولز اور کالجز میں بھی چار دن کی تعطیل کر دی ہے۔
دارالعلوم دیوبند کے چپہ چپہ علاقے میں پولیس فورسز تعینات ہے اور آر آر ایف کے دستہ کو بھی دیوبند بلایا گیا ہے۔
کمشنرز سنجے کمار ، ڈی آئی جی اوپیندر اگروال، ڈی ایم آلوک پانڈے اور ایس ایس پی دنیش کمار پی نے دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف دیوبند اور دارالعلوم زکریا دیوبند سمیت دیگر مدارس کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کرکے قیام امن میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے-