وارانسی: گیان واپی مسجد کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے جمعرات کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سروے کرانے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ عدالت نے 17 مئی تک رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ اس کے لیے عدالت نے دو نئے کورٹ کمشنرز مقرر کیے۔ سروے کا عمل تین کورٹ کمشنرز کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ اس دوران فیصلہ پڑھتے ہوئے سول جج نے بڑی بات بھی کہہ دی۔ انہوں نے سکیورٹی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو لے کر خوف کی فضا ہے، جس کی وجہ سے میرے گھر والے بھی پریشان ہیں۔ وہ میری حفاظت کے بارے میں فکر مند ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت میں کورٹ کمشنر اجے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ویڈیو گرافی 14 اور 15 مئی کو کی جائے گی۔ جس کے بعد 17 مئی کو رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے کمیشن کی ٹیم مسجد جائے گی، جس میں دونوں طرف کے وکلا، مدعیان اور پولیس انتظامیہ کی موجودگی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ پوری مسجد کا سروے کیا جائے۔