وارانسی: گیان واپی مسجد میں جاری اے ایس آئی سروے کا آج ساتواں دن ہے۔ 24 جولائی کو چار گھنٹے کے سروے کے بعد چار اگست سے سروے شروع ہوا اور یہ مسلسل جاری ہے۔ کل کے سروے میں ٹیم کے ارکان نے مرکزی گنبد کے علاوہ مغربی دیوار پر پوری توجہ مرکوز کی اور آج جی پی آر مشین یعنی گراؤنڈ پینیٹریٹنگ ریڈار کانپور سے وارانسی تک پہنچ سکتی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اے ایس آئی کی ٹیم نے کانپور آئی آئی ٹی سے خصوصی مدد مانگی ہے، تاکہ زمین کے نیچے اور دیواروں جانچ کی جاسکے۔ 50 فٹ کی گہرائی تک جانکاری دینے والی یہ مشین کانپور آئی آئی ٹی کے پاس دستیاب ہے۔ اس کی مدد سے اس سروے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
میڈیا کی بے بنیاد کوریج پر پابندی کا مطالبہ
مسلم فریق نے گیان واپی میں جاری سروے پر حقائق سے پرے میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ انجمن انتفاضہ مسجد کمیٹی نے وارانسی کی ضلع عدالت میں گیان واپی اے ایس آئی سروے سے متعلق میڈیا کی بے بنیاد کوریج پر پابندی لگانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ کمیٹی نے نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ میڈیا ان مقامات کی رپورٹنگ کر رہا ہے جن کا سروے ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔ میڈیا کو اس بے بنیاد رپورٹنگ سے روکا جائے۔ عدالت نے اس معاملے میں فریقین سے اعتراضات طلب کرتے ہوئے سماعت کی تاریخ 9 اگست مقرر کی ہے۔
دوسری طرف سول جج آکاش ورما کی فاسٹ ٹریک کورٹ میں گیانواپی سے متعلق ایک اور معاملے میں منگل کو سماعت ہوئی۔ مسلم فریق نے عدالت سے مدعی کے دعوے میں دکھائے گئے شواہد کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست کی۔ مدعی نے اس کی مخالفت کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنانے کے لیے 19 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔