جونپور: ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں بھنڈاری ریلوے اسٹیشن کے پاس واقع الفا ہیلتھ کیئر ہسپتال کی جانب سے ایک مفت شوگر میگا کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 300 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا اور ساتھ ہی مختلف قسم کی صحت سے متعلق کولیسٹرول اور اعصاب کی جانچ نیوروپیتھی ٹیسٹ، ڈائیٹ کاؤنسلنگ اور دیگر ٹیسٹ مفت کیا گیا۔
اس دوران ڈاکٹر محمد چاند باغوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ دیکھا جا رہا ہے کہ بیداری کی کمی کے باعث لوگ اس بیماری کو ہلکے میں لے رہے ہیں اور علاج نہیں کر رہے ہیں۔ اس میگا کیمپ کے انعقاد کا سب سے بڑا مقصد مریضوں کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے مریض مالی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر سے علاج نہیں کرا پاتے ہیں اس لیے ان کی مدد کے لیے اس طرح کے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرنا بہت ضروری ہے۔