جونپور: ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور کی لائن بازار علاقے کی پولیس نے صحافی پر جان لیوا حملے کے الزام میں دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ علاقے کے بالو منڈی کے نزدیک الکٹرانک چینل کے صحافی دویندر کھرے پر موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے اتوار کی دیر شام اس وقت فائرنگ کردی جب وہ اپنے دفتر کے باہر دوستوں سے بات کر رہے تھے۔ گولی ان کے موبائل کو توڑتی ہوئی ہاتھ میں لگی۔ علاقائی لوگوں کے ذریعہ تعاقب کرنے پر بدمعاش مڑیاہوں کی طرف فرار ہوگئے۔ دویندر کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ خطرے سے باہر ہیں۔ اس معاملے میں لائن بازار تھانے میں دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔
ایس پی ڈاکٹر اجئے پال شرما نے بتایا کہ صحافی پر حملے کی اطلاع پر انہوں نے موقع پر پہنچ کر حالات کاجائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجرمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شبہ کا اظہار کیا کہ حملے کے پیچھے خبروں کے حوالے سے ناراض لوگوں کا ہاتھ ہے۔ ان کی تحریر پر پولیس نے معاملے درج کیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔ بتا دیں کہ کِشُن پور کے رہنے والے دیویندر کھرے (42) ایک نیوز چینل میں ضلعی نمائندہ ہیں۔ دیویندر کھرے نے کہا کہ بدمعاشوں نے کچھ خبروں کی وجہ سے اس طرح کی واردات کو انجام دیا ہے۔