دہلی حکومت میں سول ڈیفینس میں تعینات دہلی کے سنگم وہار کی رہنے والی خاتون پولیس اہلکار جس کا گزشتہ دنوں وحشیانہ طریقہ سے قتل کردیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں آج ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں انتر راشٹریہ مانو ادھیکار ایسوسی ایشن کے کارکنان نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کرکے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دیے جانے کا مطالبہ کیا۔
خاتون پولیس قتل کیس: متاثرہ کو انصاف دلانے کے لئے رامپور میں احتجاج دہلی کی سول ڈیفینس میں خاتون اہلکار کے ساتھ جنسی زیادتی اور بے رحمانہ قتل کی واردات کے خلاف ملک کے مختلف خطوں میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
رامپور میں انتر راشٹریہ مانو ادھیکار ایسوسی ایشن کے مرد و خواتین کارکنان نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کرکے متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے اور قصورواروں کو پھانسی کی سزا دیے جانے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران تنظیم کے ضلع صدر شعیب خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ 'گزشتہ کچھ برسوں سے دیکھنے میں آرہا ہے کہ ہمارے ملک میں خواتین کے ساتھ اس قسم کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم اپنے میمورنڈم کے ذریعہ صدر جمہوریہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسی گھناؤنی واردات کو انجام دینے والے قصورواروں کو سرعام پھانسی دی جائے۔'
یہ بھی پڑھیں: رابعہ سیفی کو انصاف دلانے کے لیے شاہین باغ میں احتجاج
احتجاجی مظاہرہ میں شامل پوجا اور روما کہتی ہیں کہ 'اگر سول ڈیفینس میں تعینات خواتین ہی محفوظ نہیں ہیں تو ملک کی عام خواتین کیسے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ اس لئے ایسے قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے۔'
بہرحال اب سوال یہ ہے کہ کیا متاثرہ کو انصاف مل سکے گا یا یہ کیس بھی کسی بند فائل میں سمٹ کر رہ جائے گا؟