دارالعلوم دیوبند کے شعبہ دارالافتاء کے مفتیان کرام نے کورونا وائرس سے متعلق روزہ کی حالت میں ٹیسٹ کرائے جانے سے متعلق کہا کہ 'روزہ کی حالت میں مذکورہ ٹیسٹ کے لئے ناک یا منہ سے رطوبت کا نمونہ دینا جائز ہے اور ایسا کرنے سے روزہ پر کوئی فرق نہیں پڑیگا'۔
مفتی طارق قاسمی: سینئر استاذ مدرسہ جامعہ حسینہ، دیوبند تفصیلات کے مطابق تنظیم دعوۃ الصدق، سیوہارہ، بجنور کے بانی و ناظم ارشد علی کی جانب سے پوچھے گئے سوال ”روزہ کی حالت میں کورونا وائرس ٹیسٹ کا کیا حکم ہے؟ اس سے روزہ تو نہیں ٹوٹتا؟“
اس کے جواب میں مفتیان کرام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس ٹیسٹ میں ناک کے اندرونی حصہ کی رطوبت اور حلق کی دیوار پر لگی ہوئی رطوبت لینے کے لیے ناک اور حلق میں جو پلاسٹک کی اسٹک ڈالی جاتی ہے، اس میں یا اس کے ایک کنارے پر لگی ہوئی روئی میں کسی طرح کی کوئی دوا یا کیمکل نہیں ہوتا اور یہ اسٹک صرف ایک بار ڈال کر اور اندر گھماکر واپس نکال لی جاتی ہے، دوبارہ نہیں ڈالی جاتی، یعنی ناک یا حلق کی رطوبت میں حلق یا دماغ میں کوئی دوا یا کیمکل نہیں جاتا بلکہ سادی اور خشک روئی سے ناک اور حلق کی رطوبت لی جاتی ہے اور اسے مشین کے ذریعہ چیک کیا جاتا ہے۔
لہٰذا روزہ کی حالت میں کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے ناک یا حلق کی رطوبت دینا جائز ہے اور اس سے روزہ پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔