نوئیڈا: ریاست اترپردیش کے نوئیڈا میں کسانوں کا حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بھکیو کے ریاستی صدر پون کھٹانہ اور میڈیا انچارج سنیل پردھان نے کہا کہ انہوں نے افسروں اور ملازمین کے ذریعہ بدعنوانی، رشوت ستانی، بے قاعدگیوں اور کسانوں اور کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف آر ٹی او آفس کا گھیراؤ کرکے پنچایت شروع کر دی۔
اس دوران پولیس انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کی کسانوں سے نوک جھونک بھی ہوئی۔احتجاج کرنے والے کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کسانوں کے ٹریکٹروں پر رائلٹی اور ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، لیکن تمام قواعد اور ضابطہ کو نظرانداز کرتے ہوئے آر ٹی او حکام نے پہلے سے ہی پریشان کسان پر کورونا کے دور میں ان کے ٹریکٹر کی قیمت سے بھی زیادہ پانچ سے آٹھ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ جرمانہ عائد کرنے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس جرمانے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔