پٹنہ: سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے 104ویں یوم پیدائش کے موقع پر پٹنہ کے صداقت آشرم میں یوتھ کانگریس کی جانب سے نایاب تصویروں کی نمائش کی گئی۔
اس نمائش کا افتتاح کانگریس کے سابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ڈاکٹر شکیل احمد، ریاستی صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا اور ریاستی صدر کوکب قادری نے مشترکہ طور پر فیتا کاٹ کر کیا، اس سے قبل کانگریسی رہنماؤں نے اندرا گاندھی کے مجسمہ پر گلپوشی کرکے ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
نمائش میں اندرا گاندھی کی پیدائش سے لیکر وفات تک کی تقریبا 500 سے زائد تصاویر لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اندرا گاندھی کے عہد طفولیت، شباب، سیاسی زندگی، مختلف تحریکات، بحیثیت وزیراعظم کی حلف برداری، مختلف ممالک کے اسفار کی تصاویر بھی شامل ہیں، تصاویر میں ان کے والد جواہر لال نہرو، خاندان کے دیگر احباب اور بیٹے راجیو گاندھی کے ساتھ کئی اہم تصاویر بھی ہیں جسے کارکنان نے پہلی بار دیکھا۔