ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں واقع ہوم گارڈ ہیڈکوارٹر میں 58 ویں یوم ستائش کے موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے شرکت کرتے ہوئے ہوم گارڈ محکمہ کو بڑی راحت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران موت ہونے یا پوری طرح معذور ہونے پر پانچ لاکھ روپے اہل خانہ کو بطور معاوضہ دیا جائے گا۔
وزیر اعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کی حکومتوں میں 55 ہزار ہوم گارڈ روزانہ ڈیوٹی پر لگائے جاتے تھے جبکہ موجودہ وقت میں 90 ہزار ہوم گارڈ ہر روز ڈیوٹی کرتے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ سنہ 2019 میں پریاگ راج کے کمبھ میلہ میں ہمارے ہوم گارڈ نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ شانہ بشانہ اپنے فرائض کو انجام دیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کمانڈنٹ جنرل وجے کمار نے بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھروسہ دلایا ہے کہ ہوم گارڈ محکمہ کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ کانپور کے بکرو کانڈ کے دوران پولیس افسر کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے جے رام کٹیار بری طرح زخمی ہوگئے تھے، انہیں 6 لاکھ 75 ہزار روپے کی مدد دی گئی ہے۔