ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ کے پسماندہ علاقوں (خاص کر مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں) میں رہنے والی غریب لڑکیوں کے لیے سماجی تنظیم رشا کے زیر اہتمام روزگار سے منسلک کورسز کرائے جارہے ہیں۔
میرٹھ: غریب بچیوں کو روزگار سے جوڑنے کی کوشش میرٹھ کے اقلیتی آبادی والے شیام نگر علاقے میں واقع غریب مسلم بچیوں کے لیے 'رشا سماجی تنظیم' کی جانب سے ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل لایا گیا۔ جس میں علاقے کی لڑکیوں کو سلائی اور کڑھائی کے علاوہ بیوٹیشین کا کورس بھی کرایا جاتا ہے۔
ساتھ ہی اس ٹریننگ سینٹر میں لڑکیوں میں تعلیمی شعور پیدا کرنے کے لیے اردو، ہندی اور انگریزی زبان بھی سکھانے کا کام کیا جاتا ہے۔ یہاں سے ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد لڑکیاں اب اپنے جیسی دوسری بچیوں کو بھی تربیت دے رہی ہیں۔
میرٹھ میں سماجی تنظیم رشا کے زیرِ اہتمام چلائے جارہے تربیتی سینٹر کو قائم کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے تنظیم کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ 'شہر کے پسماندہ علاقوں میں خاص کر مسلم آبادی والے علاقوں کی بچیوں کے لیے حکومت کی جانب سے کسی طرح کی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے یہ تربیتی سینٹر کا قیام کیا گیا ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: رامبن: بانہال میں ویمن ہیلپ ڈیسک کا قیام
تنظیم کے ذمہ داران کا مزید کہنا تھا کہ 'مستقبل میں وہ اسی طرح کے پسماندہ علاقوں میں دوسرے سینٹر بھی قائم کریں گے۔'
مسلم بچیوں کی تربیت کے لیے جس طرح سے سماجی تنظیم رشا خدمت انجام دے رہی ہے اسی طرح حکومت کو بھی ان علاقوں میں اسکل ڈیولپمنٹ کے پروگرام چلائے جانے چاہیئے تاکہ ان بچیوں کے مستقبل کو روزگار سے روشن کیا جاسکے۔