ساون کے آخری پیر اور عید الضحیٰ ایک ہی دن ہونے سے پولس اور ضلع انتظامیہ کے ماتھے پر شکن آنا لازمی تھا۔ اس کے برعکس بریلی کی عوام نے گنگا جمنی تہذیب اور شہر کی رسم و رواج اور بہترین روایت کی مثال پیش کرتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور مبارک باد پیش کی۔
بریلی میں قومی یکجہتی کی مثال، متعلقہ ویڈیو ہندو سماج کے لوگوں نے عید الضحیٰ کی مبارکباد دی تو مسلم سماج کے لوگوں نے ساون کی کانوڑ پاترا پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لوگوں کو گلے لگاکر ایک دوسرے کے تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔بریلی شہر کے باقرگنج واقع عید گاہ میں مسلم سماج کے ہزاروں افراد نے عید الضحیٰ کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں، عہدے داران اورکارکنان کے ساتھ عید گاہ کے باہر اپنے کیمپ لگائے، نماز کی ادائگی کے بعد لوگوں سے گلے مل کر مبارکباد پیش کی۔اس کے علاوہ ڈی ایم، ایس ایس پی اور بریلی میونسپل کارپوریشن بی ایم سی کے افسران نے عید گاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کی۔ساون کے آخری پیر کو بریلی شہر کے تمام شیو مندروں میں عقیدت مند کثیر تعداد میں پہنچے اور پوجا کی۔ کانوڑ یاترا لے جانے والے عقیدتمند بھی آج اپنی منزلوں کے جانب روانہ ہوئے۔ بریلی شہر کے ناتھ مندروں میں الکھ ناتھ، تربٹی ناتھ، دھوپیشور ناتھ، منی ناتھ، پشوپتی ناتھ مندروں میں جل ابھیشیک کیا۔سکیورٹی کے لحاظ سے ضلع کے سبھی خاص مندروں، مساجد، درگاہ اور حساس علاقوں میں بی ایس ایف، آر آر ایف، آر اے ایف، پی اے سی اور مقامی پولس کا معقول فورس تعینات کیا گیا تھا۔ ڈی ایم وِریندر کمار سنگھ اور ایس ایس پی مُنی راج گوبو صبح سے ہی ضلع گشت کرتے رہے۔