پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ ملزمین کے قبضہ سے قتل میں استعمال کیے گئے دو طمنچے 315 بور اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔
رامپور کے تھانہ گنج علاقہ میں گزشتہ 26 مئی کی شب تابش نامی ایک پراپرٹی ڈیلر کا کچھ نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد مقتول تابش کے بھائی اسعد نے شک کی بنیاد پر آزاد کمال ساکن اجیت پور ضلع رامپور اور اس کے دو نامعلوم ساتھیوں کے خلاف تابش کے قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
قتل کی واردات کو انجام دینے کے بعد یہ ملزمین فرار چل رہے تھے۔ پولیس ان کے مختلف ٹھکانوں پر برابر دبش دے رہی تھی۔ تھانہ گنج پولیس کو آج ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی اور آزاد کمال ولد اظہر کمال ساکن اجیت پور، رامپور عمر 32 سال اور شہزاد عرف جوسیف ولد صدیق ساکن سکرس تھانہ بہیڑی ضلع بریلی عمر 26 سال کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے جب ان سے پوچھ گچھ کی تو ان دونوں نے اپنے جرم کو قبول کیا اور آزاد کمال نے بتایا کہ اس کا نکاح 12 سال قبل علیشہ خاں عرف رانی کے ساتھ ہوا تھا۔ اس نے کہا کہ ہمارے پانچ بچے ہیں جس میں سے دو لڑکے تین لڑکیاں ہیں۔ تقریباً دو برس سے مقتول تابش کا میرے گھر آنا جانا تھا۔ اسی دوران تابش نے میری اہلیہ کو اپنے محبت کے جھانسے میں پھنسا لیا تھا۔