بجنور کے گنے کے کھیت میں ایک نامعلوم نوجوان کی لاش ملنے کی وجہ سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ یہ واقعہ بجنور کے ترکولی علاقے کا ہے جہاں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔ لاش کے ہاتھ پیر بیلٹ سے بندھے ہوئے ملے۔
وہیں قاتلوں کے ذریعہ کی گئی اس بے رحمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہلاک شدہ کے منہ میں مٹی بھری ہوئی تھی۔
بجنور کے ترکولی علاقے میں کل شام پانچ بجے کے قریب راہگیروں نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک نوجوان کی لاش گنے کے کھیت میں ملی ہے۔
موقع پر پہنچی پولیس کے اعلی افسروں کے مطابق قاتلوں نے نوجوان کا قتل کسی اور جگہ کیا ہے اور قتل کرنے کے بعد لاش کو گنے کے کھیت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ تاہم ابتدائی مرحلے میں ایس پی نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ قاتلوں نے نوجوان کے ہاتھ پیر کو باندھا تھا، ساتھ ہی رسی سے گلا گھونٹ کر نوجوان کا قتل کیا گیا ہے۔
بجنور: نوجوان کا بہیمانہ قتل ایس پی ڈاکٹر دھرم ویر سنگھ نے اس معاملے سے متعلق ضروری جانکاری دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ایک مقامی شخص نے ہمیں تقریباً شام کے 5 بجے اطلاع دی تھی کہ گنے کے کھیت میں ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ جب ہم یہاں پہنچے تو ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ اس نامعلوم شخص کی عمر 25 سال کے قریب ہے۔ قاتلوں نے اس کے بیلٹ سے ہی اس کے ہاتھ پیر کو باندھا ہے اور رسی کی مدد سے گلا دبایا گیا ہے۔ ہم نے معاملہ درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
وہیں پولیس نے ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم کے ساتھ مل کر بڑی باریکی کے ساتھ تفتیش شروع کر دی ہے حالانکہ ایس پی نے لاش کی شناخت کے لیے ایک ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔