نئی دہلی:سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری کامریڈ سیتارام یچوری نے کہاکہ پرائیویٹائزیشن کے نام پر سرکاری املاک جو کہ پبلک پراپرٹی ہے کو مٹھی بھر لوگوں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ پبلک سیکٹر کے بینکوں سے بڑے سرمایہ داروں کے لاکھوں کروڑوں کے قرضوں کی معافی عوامی املاک کی لوٹ مار کی ایک مثال ہے۔ بھارت میں سرکاری املاک کی لوٹ مار کے باعث کورونا وبا کے بعد بھی کھرب پتیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت ترقی کا پیمانہ بتا رہی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ دو سالوں میں 23 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔ امیر اور غریب کا فرق بڑھتا جا رہا ہے۔ عوام کی قوت خرید میں اضافہ کئے بغیر معیشت کو پٹری پر نہیں لایا جا سکتا۔ حکومتی سرمایہ کاری میں اضافہ کئے بغیر بے روزگاری کا مسئلہ حل کرنا ممکن نہیں۔ لیکن حکومت کی پالیسی اس کے بالکل برعکس چل رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء اور ضروری اشیاء اور ادویات پر جی ایس ٹی لگا کر عوام کی جیبیں خالی کی جا رہی ہیں۔ جو سستا راشن دیا جا رہا تھا وہ بھی اس بجٹ میں چھین لیا گیا ہے۔ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرکے عوام میں بڑھتی ہوئی پریشانی کو بھٹکانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ عوام کو سڑکوں پر آکر مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوام کو منظم کیا جائے۔ آج بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ ساتھ دیگر جمہوری قوتوں کو متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دینا ہوگی۔ یہ آج کی حب الوطنی ہے۔ دہلی کے ریاستی سکریٹری کامریڈ کے۔ ایم تیواری کے ساتھ آل انڈیا ایگریکلچرل لیبر یونین کے شریک سکریٹری کامریڈ وکرم اور سکریٹریٹ ممبران آشا شرما، صہبا فاروقی، سبیر بنرجی وغیرہ لیڈروں نے خطاب کیا۔ میٹنگ کی نظامت سکریٹریٹ کے ممبر کامریڈ انوراگ سکسینہ نے کی۔