اتر پردیش کے سہارنپور میں دو ڈرائی رن کے کامیاب انعقاد کے بعد اب محکمہ صحت کورونا کی ٹیکہ کاری کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ مراکز پر سبھی ضروری انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ آج کورونا ویکسین میرٹھ سے سہارنپور سخت حفاظتی انتظام کے ساتھ پہنچ چکی ہے۔ کورونا ویکسین کے 36650 ڈوز ضلع اسپتال میں رکھے جائیں گے، جن میں سے 14620 مظفرنگر اور 5130 شاملی میں بھیجے جائیں گے۔
ریاست اترپردیش میں 16 تاریخ سے کورونا ویکسین کا ٹیکہ لگانے کا کام شروع کیا جائے گا۔ پولیس کی سخت سکیورٹی اور سی سی ٹی وی کی نگرانی میں ویکسین رکھی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کے بعد اب ویکسین کا انتظار تقریباً ختم ہو چکا ہے اور سہارنپور ضلع میں آج ویکسین آچکی ہے جو 16 تاریخ سے لوگوں کو لگائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ مہینے سے کورونا وائرس نے پوری دنیا میں تباہی مچائی اور پوری دنیا کے سائنس داں کورونا ویکسین تیار کرنے میں لگے ہوئے تھے لیکن بھارت کے اندر ویکسین بن کر تیار ہوچکی ہے۔ جس کا 16 تاریخ سے پورے ملک میں ویکسی نیشن ہونا ہے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے بھارت کی ہر ریاست میں ویکسین بھیجی جارہی ہے، اسی تناظر میں اترپردیش کے سہارنپور ضلع میں بھی ویکسین پہنچ چکی ہے۔جس کا کچھ حصہ شاملی اور مظفرنگر اضلاع میں بھی پہنچایا جائے گا اور 16 تاریخ سے یہ ویکسین لگنی شروع ہوجائے گی۔