ریاست اتر پردیش میں اپنی کھوئی زمین حاصل کرنے کی کوشش میں لگی کانگریس نے پرتگیا یاترا کی شروعات کی ہے۔ پرتگیا یاترا کے تحت کانگریس لیڈر سلمان خورشید سہارنپور پہنچے۔ انہوں نے سہارنپور کے سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس جلد ہی اپنا منشور جاری کرے گی، وہ خود کانگریس کا منشور تیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے اس وقت 7 وعدے کیے ہیں۔ جس میں خواتین کی 40 فیصد شراکت داری کا وعدہ کیا گیا ہے، طالبات کو اسکوٹی اور اسمارٹ فون دئے جائیں گے۔ ساتھ ہی ان کی حکومت بنتے ہی کسانوں کے قرضے معاف کر دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی کا بل بھی آدھا ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا اعلان منشور میں کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس فی الحال اپنے دم پر الیکشن لڑے گی۔ کانگریس کی پرتگیا یاتر کے سلسلہ میں سہارنپور پہنچے سلمان خورشید نے بتایاکہ یہ یاترا 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرے گی اور ریاست کے ہر ضلع اور ہر گاؤں و قصبہ کے لوگوں سے بات کرکے ان کے منشاء اور ضروریات کے مطابق ان کے مسائل ترجیحی طور پر حل کرے گی۔