مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے رامپور میں واقع اللہ ہو میاں دادا کے مزار کے پاس کی سیور لائن پھٹی ہوئی ہے، جس سے راہگیروں کی جان کا خطرہ بنا ہوا ہے لیکن میونسپلٹی کے ذمہ داران کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
رامپور: سیور لائن پھٹنے پر کانگریس کا احتجاج آج رامپور شہر یونٹ کے کانگریسی کارکنان محلہ نالاپار واقع اللہ ہو میاں دادا کے مزار کے پاس جمع ہوئے، جہاں انہوں نے گزشتہ ایک ماہ سے منہدم ہوئی سیور لائن کی مرمت نہ کیے جانے پر میونسپلٹی کے ذمہ داران کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر کانگریس شہر صدر مامون شاہ خاں نے کہا کہ جس مقام پر یہ سیور لائن ٹوٹی ہے یہاں سے ہزاروں راہگیر گزرتے ہیں۔ اللہ ہو میاں دادا کے مزار کے راستہ پر کئی محلے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ جائے یا کسی کی جان چلی جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ انہوں ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے اس جانب فوری طور پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران تمام مظاہرین نے ان لاک کے ضابطوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے منہ پر ماسک لگاکر اور سماجی فاصلہ قائم کرکے مظاہرہ کیا۔