رامپور کے دو روزہ دورے پر آئے مختار عباس نقوی نے نومنتخب پنچایت نمائندوں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کنٹرول کی مہم ملک اور وقت کی ضرورت ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اترپردیش سے اس بیداری اور حوصلہ افزائی والے مشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "جو لوگ اس مہم پر فرقہ واریت اور سیاست کا تڑکا لگانے کی کوشش کررہے ہیں وہ ملک اور سماج کے ساتھ ریاست کے مفادات کے مخالف ہیں۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ انتھ کا یہ قدم استقبال کے قابل کہ انہوں نے ریاست کے مفاد میں ایک بہت بڑا قدم اٹھایا ہے یہ قدم آنے والی نسلوں اور سماج کے لئے بہت بڑا احسان اور تحفہ ثابت ہوگا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ آبادی کنٹرول کے اس مشن کو کسی خاص مذہب سے جوڑنے کی حماقت کرنے والے لوگ اپنی تنگ ذہنیت اور فرقہ وارانہ سوچ کو تھوپنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا" ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام نے جس امیدو اعتماد کے ساتھ ہمیں منتخب کیا ہے۔ ہم اس کسوٹی پر کھرے اتریں۔ ہمیں یہ دھیان رکھنا چاہئے کہ جس نے ہمیں ووٹ دیا ہے وہ بھی ہمارا ہے اور جس نے ہمیں ووٹ نہیں دیا ہے وہ بھی ہمارا ہے۔ ترقی کے معاملے میں ہمیں کسی طرح کا کوئی بھید بھاؤ نہیں کرنا چاہئے"۔