کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لیے درگاہ کے احاطہ میں موجود مریضوں سے احاطہ خالی کرنے کی سختی سے درخواست کی گئی تھی۔ لیکن نہ تو مریض اور نہ ہی اُن کے تیماردار، درگاہ احاطہ خالی کرنے کو تیار ہیں۔
درگاہ کمیٹی نے اس بابت علاقائی پولس تھانہ بارہ دری اور ضلعی انتظامیہ سے بھی شکایت کی، لیکن ابھی تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔
غور طلب ہے کہ بریلی سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں، پولیس اور ضلع انتظامیہ نے پہلے اپیل کی اور دوسری صورت میں زبردستی، ایسی تمام جگہوں کو خالی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن درگاہ شاہ دانہ ولی سرکار میں واقع احاطہ ابھی تک خالی نہیں کیا جاسکا ہے۔
درگاہ کے متولّی صوفی عبد الواجد خاں عرف ببّو میاں اور سیکریٹری وصی احمد وارثی نے مریضوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں کیونکہ درگاہ کے احاطے کو خالی کرنا مریضوں کے مفاد میں ہے تاکہ درگاہ احاطے کو خالی کرنے کے بعد اسے سینیٹائز کیا جا سکے۔
قابل غور ہے کہ آج کل درگاہ میں نہ تو کوئی تعویذ دی جارہی ہے اور نہ ہی کوئی عرضی لگائی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس کا انفیکشن پھیلنے کا خدشہ ختم ہونے کے بعد تمام مریض بغیر کسی مداخلت اور رکاوٹ کے واپس درگاہ احاطے میں اپنے مقام پر بستر لگا سکتے ہیں۔