میرٹھ کے چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میں شعبہ اردو میں بارہویں، بی اے اور ایم اے میں داخلے کے لیے محض 5 فارم موصول ہوئے ہیں حالانکہ فارم جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 30 جولائی کر دی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شعبہ اردو میں اساتذہ کی تعداد چار ہے جبکہ نئے داخلے کے لیے محض 5 فارم اب تک موصول ہوئے ہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ اردو کے شعبے میں طلبا و طالبات کی تعداد روز بہ روز کیوں کم ہو رہی ہے؟حالاںکہ شعبہ اردو کے اساتذہ اب ذاتی طور پر اشتہارات شائع کراکر شہر کی مساجد و مدارس میں تقسیم کر رہے ہیں جس کی وجہ سے تعداد میں اضافے کی امید کی جارہی ہے۔
صدر شعبہ اردو اسلم جمشیدپوری نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ریاست میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے، اس کے باوجود طلبا و طالبات اس میں داخلہ نہیں لیتے ہیں۔