اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی تجارت کرنے والے تاجر بازار میں جانور فروخت کرنے کے لیے ایک سال پہلے سے تیاری کر لیتے ہیں لیکن اس بار كورونا وبا کی وجہ سے جانوروں کے تاجر اب آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنے جانوروں کو فروخت کر رہے ہیں۔
میرٹھ میں شاہ پیر گیٹ کے رہنے والے واحد گزشتہ 30 برسوں سے قربانی کے بکروں کی تجارت کر تے ہیں۔ واحد راجستھان کے چنندہ نسل کے بکروں کو پال کر تیار کرتے ہیں، جو عید الاضحیٰ کے موقع پر کافی اچھی قیمت میں فروخت ہو جاتے ہیں لیکن اس سال کورونا وبا کے قہر نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے۔
واحد اُونچے قد و قامت کے سو کیلو سے بھی زائد وزن کے بکرے فروخت کرتے ہیں جو اچھی دیکھ بھال اور خوراک سے دس سے بارہ مہینے میں تیار کیے جاتے ہیں اور بازار میں ان کی اچھی قیمت مل جاتی ہے لیکن اس سال بازار نہ لگنے سے اب واحد ان بکروں کو آن لائن فروخت کر رہے ہیں۔