مرکزی حکومت نے بریلی کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔ وزیر اعظم عوامی فلاح و بہبود کی اسکیم کے تحت اُس بڑے منصوبے کے لئے بجٹ جاری ہو گیا ہے، جو مسلمانوں کی تقدیر اور تصویر دونوں کو سنوارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اتر پردیش میں آزادی کے بعد پہلا یونانی میڈیکل کالج بریلی شہر کے حجیا پور میں تعمیر کیا جائےگا۔ اس کے تعمیری کام میں تقریباً 129 کروڑ کی لاگت آئے گی۔ پہلی قسط میں 39 کروڑ روپے جاری کیئے گئے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اسکی تعمیر کے لیئے ایجینسی بھی طے ہو گئی ہے۔
یونانی کورس کے ذریعے ڈاکٹر بننے کے لئے پانچ سالہ کورس ہوگا۔ ہر برس اس کے لئے 50 طلباء و طالبات کا ایک مجموعہ یعنی بیچ منتخب کیا جائے گا۔ ان کے لئے 200 کی گنجائش والا ہاسٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ اسکی عمارت میں بیک وقت 100 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال بھی قائم ہوگا۔ یہ منصوبہ آیوش محکمہ کا ہے، لیکن اقلیتوں کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے ”وزیر اعظم عوامی فلاح و بہبود اسکیم “ میں شامل ہونے کے بعد رقم جاری کی گئی ہے۔